فیصل جاوید کو ایک ماہ کے لیے حفاظتی ضمانت مل گئی

پشاور (رم نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید کو ایک ماہ کے لیے حفاظتی ضمانت فراہم کر دی ہے۔فیصل جاوید کی درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کی سربراہی میں ہوئی۔ دوران سماعت، فیصل جاوید کے وکیل، عالم خان ادینزئی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ یہ مقدمات کی تفصیلات کے حوالے سے کیس ہے، اور انہوں نے درخواست کی کہ ان کے موکل کو حفاظتی ضمانت دی جائے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نعمان کاکاخیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فیصل جاوید کے خلاف 16 ایف آئی آرز درج ہیں، تاہم ان کے خلاف ایف آئی اے یا صوبائی حکومت کی طرف سے کوئی کیس نہیں بنایا گیا۔سپیشل پراسیکیوٹر نیب نے بھی عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نیب کی طرف سے فیصل جاوید کے خلاف کوئی انکوائری نہیں کی گئی ہے۔یاد رہے کہ 27 مارچ کو پشاور ہائیکورٹ نے فیصل جاوید کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیا تھا، اور انہیں عمرہ ادائیگی کے لیے جانے کی اجازت بھی دی تھی۔

سماعت کے دوران فیصل جاوید نے عدالت کو بتایا کہ ان کے خلاف اسلام آباد میں درج کیسز ہیں، جس پر عدالت نے اس حوالے سے تفصیلات طلب کیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثنا اللہ نے بتایا کہ فیصل جاوید کے خلاف 2022، 2023 اور 2024 میں درج ہونے والی چھ ایف آئی آرز میں ان کا نام پی این آئی ایل اور پی سی ایل میں شامل نہیں کیا گیا۔عدالت نے فیصل جاوید کی حفاظتی ضمانت ایک ماہ کے لیے منظور کر لی اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔