راولپنڈی(رم نیوز) چیف آف آرمی سٹاف اور فیلڈ مارشل، جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور 24 کروڑ پاکستانیوں کے بنیادی حق پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے یہ بات مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، اور نئی نسل کی کردار سازی ان ہی کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہامیں آج جو کچھ بھی ہوں، وہ اپنے والدین اور اساتذہ کی بدولت ہوں۔ اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی حقیقی تاریخ اور قربانیوں کی داستان نئی نسل تک پہنچائیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی کشمیر کو فراموش نہیں کرے گا اور نہ ہی اس پر کوئی سمجھوتہ یوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی، مگر وہ ناکام رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی قسم کی اجارہ داری کو قبول نہیں کرے گا۔ بلوچستان میں دہشتگردی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ فتنہ دراصل ہندوستانی ایجنڈے کا حصہ ہے اور ان عناصر کا بلوچ عوام سے کوئی تعلق نہیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک مضبوط ریاست بنانا ہے جہاں تمام ادارے آئین اور قانون کے مطابق کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ریاست کو کمزور کرنے کا بیانیہ پھیلا رہے ہیں، ان کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔
ملاقات کے اختتام پر سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ محفوظ دھرتی وردی والوں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ ہم پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر کرتے ہیں اور ہر محاذ پر ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔