190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد (رم نیوز) 190 ملین پاؤنڈ کے معروف مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے لیے 5 جون 2025 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق، مقدمے کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بنچ کرے گا۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے گزشتہ ہفتے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اس کیس کو جلد از جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ عدالت نے اس استدعا کو منظور کرتے ہوئے اب باقاعدہ طور پر سماعت کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں سزا سنائی جا چکی ہے، جس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے اور سزا معطلی کی درخواستیں بھی اسی تناظر میں دی گئی ہیں۔قانونی و سیاسی حلقے اس سماعت کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں، جس کے ممکنہ فیصلے سے ملکی سیاست پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔