پشاور (رم نیوز)خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کی پالیسی نہ تو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے خلاف ہے اور نہ ہی پاکستان کے مفادات کے مخالف۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ ملک میں نئے مالی سال کا بجٹ قریب ہے، ایسے میں بانی پی ٹی آئی کا وژن اور رہنمائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کی آمد کے ساتھ ہی آئی ایم ایف کی نئی شرائط سامنے آئیں گی، جن پر مشاورت کے لیے بانی پی ٹی آئی کی گائیڈنس لی جائے گی۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے فنڈز وقت پر فراہم نہ کیے گئے تو صوبے کا سرپلس بجٹ متاثر ہو سکتا ہے، جو مالی نظم و ضبط کے لیے نقصان دہ ہوگا۔مزمل اسلم نے شکوہ کیا کہ وہ تین مرتبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی کوشش کر چکے ہیں، لیکن انہیں ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنمائی کے بغیر اہم معاشی فیصلے کرنا ممکن نہیں۔