وزیراعظم شہباز شریف تاجکستان سے وطن روانہ، چار ملکی دورہ مکمل

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چار ملکی سرکاری دورہ مکمل کر کے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے سے وطن واپس روانہ ہو گئے۔اس دورے میں وزیراعظم نے ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا وزٹ کیا، جس کا مقصد علاقائی تعاون کو فروغ دینا اور اہم عالمی پلیٹ فارمز پر پاکستان کا مؤثر موقف پیش کرنا تھا۔

تاجکستان میں وزیراعظم نے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، توانائی، تجارت اور خطے کی سلامتی پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران تاجکستان کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید برآں، وزیراعظم نے دوشنبے میں منعقدہ گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کی اور ماحولیاتی تبدیلی کے پاکستان پر اثرات اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔دوشنبے ایئرپورٹ پر تاجک نائب وزیراعظم حکیم خلیق زادہ نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

یہ دورہ پاکستان کے علاقائی تعلقات کو مضبوط بنانے اور ماحولیاتی تحفظ کے عالمی ایجنڈے میں نمایاں کردار ادا کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔