لاہور (رم نیوز)پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 57 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے۔ اوپنر صائم ایوب صرف 4 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے، تاہم دوسرے اینڈ سے صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اسکور بورڈ کو متحرک رکھا۔
فرحان نے 74 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جبکہ محمد حارث نے 41 رنز بنائے۔ حسن نواز نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر ناقابلِ شکست 51 رنز اسکور کیے۔ کپتان سلمان آغا 19 اور شاداب خان 7 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے حسن محمود اور تنظیم حسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رشاد حسین کو ایک وکٹ ملی۔جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی۔ اوپنر تنزید حسن نے 33 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں تنظیم حسن نے 31 گیندوں پر 50 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
مہدی حسن میراز 23 رنز کے ساتھ تیسرے نمایاں بیٹر رہے، جبکہ بنگلہ دیش کے سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں صرف 19 رنز کے عوض حاصل کیں۔ حسن علی، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاداب خان، خوشدل شاہ اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔