دونوں ممالک کو واضح پیغام دیا اگر وہ ایک دوسرے کے خلاف جنگ چھیڑیں گے تو امریکہ ان سے تجارت ختم کر دے گا:ٹرمپ

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق، امریکہ نے دونوں ممالک کو واضح پیغام دیا کہ اگر وہ ایک دوسرے کے خلاف جنگ چھیڑیں گے تو امریکا ان سے تجارت ختم کر دے گا۔ٹرمپ نے یہ بات معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا دونوں ممالک سے بات چیت کر رہا ہے اور انہیں باور کرا رہا ہے کہ جنگ کے بجائے امن اور تجارت کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے کہاہم نے ایٹمی جنگ کو تجارت کے بدلے روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ فخر ہے کہ ہم جنگ بندی میں کامیاب ہوئے۔ عام طور پر وہاں گولیاں چلتی ہیں، لیکن ہم نے تجارت کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنایا۔صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ پاکستانی حکومت کے نمائندے آئندہ ہفتے امریکہ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر پاکستان اور بھارت جنگ کی راہ پر گامزن ہوئے تو امریکا ان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کرے گا۔

اس موقع پر امریکی صدر نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حماس جنگ بندی کے قریب پہنچ چکے ہیں اور جلد غزہ میں امن سے متعلق خوشخبری متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی حکام 60 دن کی جنگ بندی کے لیے حماس کے جواب کے منتظر ہیں۔ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں پیش رفت کا عندیہ بھی دیا، جبکہ چین کے ساتھ تجارت اور ٹیرف کے مسائل پر بات چیت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس معاملے میں عدالتی فتح چاہتا ہے۔غیر ملکی طلبہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ فی الحال ان طلبہ کو امریکا سے نہیں نکالا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کے طلبہ امریکہ آ کر تعلیم حاصل کریں، خواہ ان کی حکومت اور ہارورڈ یونیورسٹی کے درمیان کچھ اختلافات ہی کیوں نہ ہوں۔