کراچی (رم نیوز)عید الاضحیٰ کے موقع پر بین الصوبائی اور بین الاضلاعی سفر میں زائد کرایوں کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت نے اہم اور فوری اقدامات کر دیے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ تمام متعلقہ ٹرانسپورٹ افسران کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور انہیں عید کے دوران ڈیوٹی پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کرایوں میں غیر قانونی اضافے کو روکا جا سکے۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ نے عوام کو یقین دلایا کہ کوئی بھی ٹرانسپورٹر سرکاری نرخنامے سے زائد کرایہ وصول نہیں کر سکے گا، اور کرایوں میں زیادتی کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کنندگان براہِ راست ڈپٹی سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
شرجیل میمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری کرایوں سے آگاہ رہیں اور کسی بھی زیادتی کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔