ابوجا/ممبئی (رم نیوز)نائیجیریا کے وسطی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی کے مناظر پیش کیے ہیں، جہاں اب تک 115 سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ نائیجر ریاست کے شہر موکوا سمیت متعدد علاقوں میں سیلاب نے مکانات زمین بوس کر دیے اور نظام زندگی مفلوج کر دیا۔
ایمرجنسی مینجمنٹ حکام نے کہا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مزید لاشیں ملنے کا خدشہ ہے کیونکہ بہت سے لوگ سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں۔اسی دوران، بھارت کے شہر ممبئی میں مون سون بارشوں نے 107 سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ 135 ملی میٹر بارش نے میٹرو لائن اور ریلوے ٹریک کو تالاب میں تبدیل کر دیا، جس کے باعث ٹرین خدمات معطل ہو گئیں۔
محکمہ موسمیات نے ممبئی سمیت قریبی علاقوں کے لیے شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وارننگ جاری کی ہے، جس سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔