سیئول (رم نیوز)پاکستانی جیولن تھرو کے بے تاج بادشاہ ارشد ندیم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ہنر، محنت اور جنون جب ایک ساتھ ہو جائیں، تو تاریخ خود بخود رقم ہونے لگتی ہے۔ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں اُن کے ہاتھوں پھینکا گیا 86.40 میٹر کا نیزہ نہ صرف سونے کا تمغہ لے اُڑا بلکہ لاکھوں دلوں کو بھی جیت گیا۔
جنوبی کوریا کے میدان میں جیسے ہی ارشد ندیم نے آخری تھرو کی، فضا "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اُٹھی۔ یہ تھرو صرف ایک فاصلے کی نہیں بلکہ پاکستانی حوصلے، غیرت اور خوابوں کی نمائندگی تھی۔
ارشد ندیم کے ساتھ قومی ایتھلیٹ یاسر سلطان بھی فائنل تک پہنچے اور 75.50 میٹر کی بہترین تھرو کی۔ بھارت کے یش ویر سنگھ اور سچن یادو جیسے کھلاڑی بھی میدان میں تھے، مگر ارشد کا نیزہ ان سب پر بھاری ثابت ہوا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا: "ارشد نے نہ صرف نیزہ پھینکا بلکہ ملک کا نام آسمان تک پہنچا دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: "یہ صرف ایک جیت نہیں، پوری قوم کی جیت ہے۔
ارشد ندیم کی کامیابی پر چیئرمین واپڈا نے بھی فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد جیسے باصلاحیت کھلاڑی پاکستان کے کھیلوں کے میدان کو نئی بلندیوں تک پہنچا رہے ہیں۔