پنجاب میں عیدالاضحیٰ پر عارضی مکینیکل جھولوں کی مکمل پابندی، حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کا فیصلہ

لاہور (رم نیوز) پنجاب حکومت نے عیدالاضحیٰ کی خوشیوں میں حفاظت کو مقدم رکھتے ہوئے صوبے بھر میں عید کی تعطیلات کے دوران عارضی طور پر لگائے جانے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ کی ہدایات کے مطابق، ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ عید کے دوران عارضی جھولوں کی تنصیب کو روکیں اور اس پابندی پر سختی سے عمل کروائیں۔ اس کے برعکس، تفریحی پارکس میں مستقل نصب جھولوں کے لیے لازمی فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول بھی شرط قرار دیا گیا ہے تاکہ ہر جھولا حفاظتی معیار پر پورا اترے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کیونکہ عید کے موقع پر خاص طور پر بچے اور خاندان تفریحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ غیرمعیاری اور حفاظتی پروٹوکولز سے عاری عارضی جھولے حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے زور دیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد کرے اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی کرے۔