بنگلہ دیش کی نئی کرنسی سے شیخ مجیب الرحمان کی تصویر حذف

ڈھاکہ(رم نیوز )بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے نئی کرنسی نوٹوں کی سیریز جاری کر دی ہے، جن میں ملک کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی تصویر شامل نہیں کی گئی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بنگلہ دیشی کرنسی سے قومی رہنما کی تصویر ہٹائی گئی ہے۔مرکزی بینک کے ترجمان آرف حسین خان کے مطابق، ابتدائی طور پر 20، 50 اور 1000 ٹکا کے نئے نوٹ جاری کیے گئے ہیں، جن پر کسی شخصیت کی تصویر نہیں، بلکہ قدرتی مناظر، تاریخی ورثہ اور ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کو نمایاں کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے ڈیزائن کا مقصد کرنسی کی ظاہری شناخت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ بقیہ مالیت کے نوٹ مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے، جبکہ موجودہ نوٹ اور سکے بدستور زیرِ گردش رہیں گے۔شیخ مجیب الرحمان کی تصویر کے اخراج پر مختلف حلقوں میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، تاہم حکومتی سطح پر اس فیصلے کی کوئی باضابطہ وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔