اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ویڈیو گیمنگ انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جو ملک کی معیشت پر مثبت اثرات ڈال رہی ہے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ حکومت ویڈیو گیمنگ کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری اور ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو گیمنگ کے ذریعے نہ صرف معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے بلکہ یہ نوجوانوں کے لیے ایک مضبوط کیریئر آپشن بھی بن رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت آئی ٹی نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ گیم ڈویلپمنٹ جیسے شعبوں میں بہترین کام کر سکیں۔ شزا فاطمہ نے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جدید ٹیکنالوجیز میں مہارت حاصل کریں اور عالمی سطح پر ایپلیکیشنز اور گیمز ڈیزائن کریں۔انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی آج کے دور کا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، لیکن پاکستان سائبر سکیورٹی کے حوالے سے مؤثر اقدامات کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔