کراچی(رم نیوز)شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یکے بعد دیگرے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس نے شہریوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی۔ ضلع ملیر اور لانڈھی، جہاں گزشتہ روز سے زلزلوں کا سلسلہ جاری ہے، ان علاقوں میں آج چھٹی مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شام پانچ بجے کے قریب پہلی بار زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، جس کے بعد رات کو تین مزید بار جھٹکے آئے۔ سب سے شدید جھٹکا آج دوپہر 12:17 بجے آیا، جس کا مرکز ملیر کے جنوب مشرق میں تھا اور اس کی شدت 2.2 ریکٹر سکیل پر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 29 کلومیٹر تھی۔
ان علاقوں میں جھٹکے خاص طور پر شاہ لطیف کالونی، بھینس کالونی، ملیر، شیر پاؤ، قائد آباد اور لانڈھی میں محسوس کیے گئے۔ شہر کے مختلف حصوں میں شہری خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور کئی افراد فیکٹریوں اور گھروں سے نکل کر کھلے آسمان تلے بیٹھ گئے۔
گزشتہ رات کو مختلف علاقوں میں مساجد سے اذانیں دی گئیں اور شہریوں نے خوف کے مارے رات گھروں کے باہر گزاریں۔ رات سوا ایک بجے، دو بجے اور صبح 10:29 بجے کے قریب بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، جس سے عوام کی تشویش اور پریشانی میں اضافہ ہوا۔