قربانی سے پہلے احتیاط! سندھ میں کانگو وائرس سے بچاؤ کی مہم تیز

کراچی (رم نیوز)عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی سندھ حکومت نے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے بھر کی مویشی منڈیوں میں احتیاطی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ شہری اس مہلک وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔محکمہ صحت نے بتایا کہ اب تک صوبے کی 53 مویشی منڈیوں میں جراثیم کش اسپرے مکمل کر لیا گیا ہے، جب کہ 66 کمیونٹی آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے ہیں، جن میں عوام کو وائرس سے بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔

ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس جانوروں کی کھال میں چھپی چیچڑی (ٹک) کے ذریعے انسان میں منتقل ہوتا ہے، اور یہ وائرس متاثرہ جانور کے خون یا جسمانی رطوبت سے بھی پھیل سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس خطرناک وائرس سے شرح اموات 10 سے 40 فیصد تک ہو سکتی ہے۔

کانگو وائرس کی علامات میں اچانک تیز بخار، گردن، کمر اور پٹھوں میں شدید درد، جسم پر سرخ دھبے، متلی، قے، گلے کی سوزش اور بعض صورتوں میں ناک، مسوڑوں یا اندرونی اعضا سے خون آنا شامل ہے۔مویشی منڈی جاتے وقت مکمل آستینوں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔جانور کے قریب جاتے وقت جسم کو مکمل ڈھانپ کر رکھیں۔ منڈی سے واپسی پر فوری نہائیں اور کپڑے تبدیل کریں ۔ذبح کے وقت دستانے پہنیں اور خون کے براہ راست رابطے سے گریز کریں ۔گوشت کو اچھی طرح پکا کر استعمال کریں۔

محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کی خوشیوں کو بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔