پاکستان میں مون سون بارشوں کا خطرہ: محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کر دی

اسلام آباد(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے رواں سال مون سون سیزن کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب، اربن فلڈنگ اور دیگر موسمیاتی خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

یہ انتباہ وفاقی فلڈ کمیشن کے اجلاس میں سامنے آیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین وٹو نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری آبی وسائل، چیئرمین فلڈ کمیشن، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور صوبائی اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔شمال مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔شمالی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں کم بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ملک بھر میں درجہ حرارت بلند رہنے کی توقع ہے، جس سے شدید موسمی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔اجلاس میں خبردار کیا گیا کہ شہروں میں نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس تناظر میں بڑے شہروں میں فوری صفائی مہم شروع کرنے، اور نالوں، پلوں، اور بیراجوں سے تجاوزات و ملبہ ہٹانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

تربیلا اور منگلا ڈیمز کے حکام نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہنگامی ایس او پیز (SOPs) پیش کیے، جبکہ NDMA اور PDMA نے متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات اور ہنگامی منصوبہ بندی سے متعلق تفصیلات اجلاس میں فراہم کیں۔وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین وٹو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاعوام کی جان و مال اور بنیادی انفراسٹرکچر کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور پیشگی تیاریوں میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔