لاہور (رم نیوز) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، ترکی، شام، اردن، عمان اور عراق سمیت دنیا کے متعدد مسلم ممالک میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مسجد الحرام، مسجد نبوی ﷺ اور مسجد اقصیٰ میں عید کی نماز کے بڑے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔
عید کے موقع پر برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں مقیم مسلمانوں نے بھی آج ہی نمازِ عید ادا کی اور سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کی۔مکہ مکرمہ کے قریب واقع وادی منیٰ میں آج صبح لاکھوں حجاج کرام نے رمی جمرات (شیطان کو کنکریاں مارنے) کی ادائیگی کی۔ اس سے قبل حجاج نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مزدلفہ میں قیام کیا اور وہاں کنکریاں جمع کیں۔
رمی کے بعد حجاج نے عید کی نماز ادا کی، جس کے بعد سنتِ ابراہیمی کے تحت قربانی کی اور پھر حلق یا قصر (بال منڈوانے یا کٹوانے) کی رسم ادا کی۔مسجد نمرہ میں خطبہ حج، فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل
گزشتہ روز یومِ عرفہ کے موقع پر مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا گیا۔ امام مسجد الحرام، شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ نے خطبہ دیتے ہوئے دنیا بھر سے آئے حجاج کو مخاطب کیا اور فلسطینی مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔خطبے میں عالم اسلام کے اتحاد، عدل، رواداری اور انسانی ہمدردی کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں بھی ہزاروں مساجد میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں سعودی شہریوں کے علاوہ بڑی تعداد میں غیر ملکی مسلمان بھی شریک ہوئے۔
نماز کے بعد جانوروں کی قربانی دی گئی، جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی یادگار ہے، اور مسلمان ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کرتے رہے۔