پی ٹی آئی کا وفاقی بجٹ کے خلاف سخت مؤقف، پارلیمنٹ اور سڑکوں پر احتجاج کا فیصلہ

پشاور(رم نیوز) پی ٹی آئی نے وفاقی بجٹ کے خلاف حکومت کو سخت وقت دینے کا فیصلہ کیاہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نہ صرف پارلیمنٹ کے اندر بھرپور احتجاج کرے گی بلکہ سڑکوں پر بھی عوامی دباؤ بڑھانے کے لیے حکمت عملی اپنائے گی۔

اس سلسلے میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے طلب کیا گیا ہے، جس میں پارلیمانی و عوامی سطح پر بجٹ کے خلاف احتجاجی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں تمام مرکزی رہنماؤں کو شرکت کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی اور معاشی بوجھ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ بجٹ عوام دشمن ہے، جس میں نہ کفایت شعاری ہے اور نہ ہی معیشت کو سنبھالنے کے لیے کوئی اصلاحاتی ایجنڈا۔ ہم اپنا مؤقف بھرپور انداز میں سامنے لائیں گے۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے بھی تصدیق کی ہے کہ پارٹی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا، جس میں بجٹ کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے ہوگا۔ہمیں موجودہ بجٹ سے کسی بہتری کی امید نہیں، اور پی ٹی آئی اس کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔

پی ٹی آئی قیادت کے مطابق بجٹ میں معاشی اصلاحات، مہنگائی میں کمی اور روزگار کی فراہمی جیسے بنیادی عوامی مطالبات کو نظر انداز کیا گیا ہے، جس کے باعث احتجاج ناگزیر ہو چکا ہے۔