پشاور(رم نیوز) 10 جون 2025 – خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی اور پنجاب حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان دشمن بااثر افراد آج بھی اہم سرکاری عہدوں پر قابض ہیں، جن کی پالیسیوں نے زرعی شعبے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ کسان اتحاد نے موجودہ حکومت کے ترقیاتی دعوؤں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ان کے مطابق، گزشتہ ایک سال میں صرف گندم کے کاشتکاروں کو 2,200 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے، جبکہ زرعی پیداوار میں مجموعی طور پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی زرعی بحران کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں فوڈ امپورٹ بل 7 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں کسان بدترین حالات سے دوچار ہیں لیکن صوبائی حکومت، خاص طور پر وزیراعلیٰ مریم نواز، اس پر خاموش ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ برس پنجاب کے کسانوں کو سہارا دیا تھا اور ان کی گندم خرید کر بروقت ریلیف فراہم کیا، جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے سے بچ گئی۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور اسے نظر انداز کرنا قومی معیشت کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔