ملک میں شدید گرمی، کراچی میں سمندری ہوائیں بحال

کراچی(رم نیوز) گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے تاہم کراچی میں بحری ہواؤں کی وجہ سے کچھ بہتری محسوس کی جارہی ہے ۔محکمہ موسمیات کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا، آسمان جزوی طور پر ابر آلود دکھائی دے گا جبکہ سمندری ہواؤں کی رفتار 20 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان رہے گی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 50 سے 75 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ محسوس ہوگا۔ آج شہر میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی ہے۔

دوسری جانب ملک کے شمالی اور وسطی حصوں میں بھی گرمی کی لپیٹ جاری ہے۔ اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں 12 جون تک ہیٹ ویو کی شدت ہوگی۔کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں ہلکی بارش کے بادل بھی نظر آ سکتے ہیں۔

ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید دھوپ سے بچاؤ کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہا جا سکے۔