اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون میں ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں چین نے پاکستان کو جدید ترین جے-35 ففتھ جنریشن سٹیلتھ لڑاکا طیارے فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ یہ انکشاف حکومت پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک سرکاری پوسٹ میں کیا گیا۔
بیان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا چین نے پاکستان کو 40 جے-35 لڑاکا طیارے، KJ-500 ایویکس، HQ-19 میزائل دفاعی سسٹم اور 3.7 ارب ڈالر قرض کی مؤخر ادائیگی کی پیش کش کی ہے۔
اگرچہ چین کی جانب سے اس پر باضابطہ ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا، تاہم بین الاقوامی اقتصادی ادارے بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی اس پیشکش میں دلچسپی کے بعد چینی دفاعی کمپنیوں کے شیئرز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جے-35 بنانے والی کمپنی AVIC شینیانگ ایئرکرافٹ کارپوریشن کے شیئرز کی قیمت میں پیر کے روز 9.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔