آئندہ بجٹ میں پرانی گاڑیوں پر ٹیرف میں مرحلہ وار کمی کی تجویز

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی حکومت بجٹ میں پرانی گاڑیوں کی درآمد کو سستا کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اس حوالے سے تجاویز بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پیش کر دی ہیں، جن میں مختلف ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں نرمی شامل ہے۔

مزید برآں، حکومت نے کسٹمز ایکٹ کے پانچویں شیڈول میں اصلاحات اور آٹو سیکٹر پر نئی ریگولیٹری ڈیوٹیز عائد نہ کرنے کی تجاویز بھی زیرِ غور لائی ہیں۔حکام کے مطابق، پرانی گاڑیوں پر ٹیرف میں سالانہ 10 فیصد کمی کی تجویز پیش کی گئی ہے، جبکہ نان-ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنے اور 2030 تک آٹو سیکٹر پر اوسط ٹیرف کو 6 فیصد سے کم کرنے کی حکمتِ عملی بھی مسودے کا حصہ ہے۔

حکومت یہ اقدامات ایسے وقت میں تجویز کر رہی ہے جب ملک کو معاشی سست روی، درآمدی دباؤ اور گاڑیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ آٹو سیکٹر کو مراعات دینے کا مقصد صارفین کو ریلیف دینا اور درآمدی پالیسی کو حقیقت پسندانہ بنانا ہے۔