سیاسی جوڑ توڑ کے باوجود حکومت کوئی ہدف حاصل نہ کر سکی: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سیاسی جوڑ توڑ کے باوجود حکومت کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔وفاقی بجٹ 2025-26 پرنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی خطے کے دیگر ترقی پذیر ممالک سے سب سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسٹرکچرل ریفارمز اور پنشن اصلاحات میں کوئی پیش رفت نہیں کی اور کسی بھی قومی ادارے کی نجکاری ممکن نہیں بنائی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت سے اپیل کی کہ سیاست کو معیشت سے الگ کیا جائے اور ان کی پارٹی کی تجاویز پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی ملک گیر احتجاج کرے گی مگر اس بار اسلام آباد مارچ نہیں ہوگا۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی نے وفاقی بجٹ کو آئی ایم ایف کا بجٹ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت کو بجٹ پیش کرنے کا اختیار نہیں۔