26 ویں ترمیم سے عدلیہ غیر فعال ہو چکی ہے:عالیہ حمزہ

راولپنڈی (رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم کے باعث پوری عدلیہ کو عملاً چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے اور عدالتیں انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے احتجاج کے خلاف بنائے جانے والے مقدمات پر سخت احتجاج کیا اور کہا کہ ’’ہم جب بھی احتجاج کرتے ہیں، مختلف شہروں میں متعدد مقدمات بن جاتے ہیں۔ ایک دن راولپنڈی، دوسرے دن سرگودھا کی عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’عدالتی نظام مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے۔ کبھی جج چھٹی پر ہوتا ہے تو کبھی پراسیکیوٹر پیش نہیں ہوتا، جس سے انصاف کا نظام مفلوج ہو گیا ہے۔ 26 ویں ترمیم نے عدلیہ کی کارکردگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ ہم قانون کی حکمرانی کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘‘

عالیہ حمزہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’موجودہ حکمرانوں نے قوم پر عذاب مسلط کر رکھا ہے، ایک کروڑ 80 لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں اور موجودہ بجٹ نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ ہم اب کسانوں اور عوام کے مسائل کے لیے ان کے دروازے کھٹکھٹائیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ’’پارلیمنٹ اور پنجاب اسمبلی کے باہر فارم 45 کی اسمبلیاں لگائیں گے تاکہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ زنی کی حقیقت سب کے سامنے آئے۔ تحریک انصاف ایک پرامن سیاسی جماعت ہے، گزشتہ 126 دن کے دھرنے کے دوران ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا۔ ہم پرامن انداز میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

عالیہ حمزہ نے مزید بتایا کہ ہم عدلیہ کو آزاد کروائیں گے اور جمہوریت کی بحالی کے لیے بھی آواز بلند کریں گے۔