تہران کو نشانہ بنانے کی تیاری، اسرائیلی وزیر اعظم کی دھمکی آمیز ویڈیو پیغام

تل ابیب(رم نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر آج رات بڑے حملے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ویڈیو پیغام کے ذریعے تہران پر فضائی کارروائی کی کھلی دھمکی دے دی ہے۔

نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ "جلد اسرائیلی طیارے تہران کی فضاؤں میں ہوں گے، ایران کو ایسا جواب دیں گے جس کا ان کی قیادت نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔" ان کا مزید کہنا تھا کہ "آیت اللہ حکومت ہر جگہ ہمارے نشانے پر ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف ان ممکنہ حملوں کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیردفاع نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے حملے بند نہ کیے تو اسے "جلا کر راکھ کر دیا جائے گا۔۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے حالیہ جوابی کارروائیوں میں اسرائیل کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 4 اسرائیلی شہری ہلاک، درجنوں زخمی اور کئی رہائشی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ ایرانی حملوں کی تصاویر سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جن میں اسرائیل میں ہونے والی تباہی کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

عالمی برادری کی جانب سے دونوں ممالک سے تحمل اور کشیدگی میں کمی لانے کی اپیل کی جا رہی ہے، تاہم اسرائیل اور ایران کے بیانات اور تیاریوں سے واضح ہے کہ خطہ ایک ممکنہ بڑے تصادم کی دہلیز پر کھڑا ہے۔