بلوچستان کا 10 کھرب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

کوئٹہ (رم نیوز)بلوچستان حکومت آج مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کرے گی جس کی مالیت 10 کھرب روپے سے زائد ہوگی۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز شامل ہے۔

حکام کے مطابق بجٹ 20 ارب روپے سرپلس رہے گا، غیر ترقیاتی بجٹ 800 ارب روپے تک مختص کرنے کا امکان ہے جبکہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔تعلیم کے شعبے کے لیے 175 ارب روپے اور صحت کے لیے 110 ارب روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وفاق سے نیشنل فنانس کمیشن (NFC) کی مد میں بلوچستان کو 713 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔

حکومت بجٹ میں ٹیکسز میں اضافے کے بجائے محصولات کے دائرے کو بڑھانے اور مالی نظم و ضبط کو ترجیح دے گی۔ بجٹ کا مقصد صوبے میں ترقی، فلاح و بہبود اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔بلوچستان اسمبلی میں بجٹ پیش کیے جانے کے بعد سیاسی اور معاشی حلقوں کی جانب سے مختلف ردعمل متوقع ہیں۔