تل ابیب، تہران (رم نیوز)مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان فضائی تصادم میں شدت آ گئی ہے، جہاں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے قیمتی جنگی طیارے تباہ کرنے کے دعوے سامنے آئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے تہران ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں ایران کے دو ایف-14 ٹام کیٹ جنگی طیارے مکمل طور پر تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی حکام نے اس حملے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں طیارے آگ میں جلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی انتہائی ہدفی ڈرون حملے کے ذریعے کی گئی، جن میں امریکی ساختہ ایف-14 طیارے نشانہ بنے، جو ایران کو 1979 کے اسلامی انقلاب سے قبل دیے گئے تھے۔ ان طیاروں کو ایران کی فضائیہ کا اہم اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔
ادھر ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تبریز میں ان کے دفاعی نظام نے اسرائیل کا ایک ایف-35 اسٹیلتھ طیارہ مار گرایا ہے، جو حالیہ دنوں میں چوتھا ایسا طیارہ ہے۔ ایران کے دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ ان کا فضائی دفاع مکمل طور پر متحرک اور موثر ہے۔
مزید برآں، ایران کے تازہ حملوں میں تین اسرائیلی شہری ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ تل ابیب، حیفہ اور دیگر شہروں میں میزائلوں کی بارش جاری ہے۔ دفاعی نظام میں خرابی کے باعث کچھ میزائل شہری علاقوں میں جا گرے، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مشرق وسطیٰ کی بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی برادری میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، اور جنگ کے خطرات میں اضافے کے پیش نظر خطے میں امن کا قیام ایک بڑی چیلنج بن گیا ہے۔