جی سیون دورہ مختصر کرنے کی اصل وجہ "جنگ بندی نہیں، کچھ اور ہے"، صدر ٹرمپ

ٹورنٹو (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ جی سیون سربراہی اجلاس کا دورہ مختصر کرنے کا فیصلہ اسرائیل-ایران جنگ بندی سے متعلق نہیں بلکہ اس سے کہیں "بڑی وجہ" کے تحت کیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ کا یہ بیان فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی جانب سے دیے گئے اس تاثر کے بعد سامنے آیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ٹرمپ جی سیون اجلاس چھوڑ کر جنگ بندی پر کام کے لیے جا رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہامیکرون کو اندازہ ہی نہیں کہ میں واشنگٹن کیوں واپس جا رہا ہوں۔ جنگ بندی میرے دورہ مختصر کرنے کی وجہ نہیں، اصل معاملہ کچھ اور ہے۔صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تہران کو مذاکرات کی میز پر واپس آنا ہو گا، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔

انہوں نے مزید کہاایران یہ جنگ نہیں جیت رہا۔ انہیں سنجیدگی سے بات کرنی چاہیے، ورنہ دونوں فریقین کے لیے یہ تنازع مزید تکلیف دہ ہو جائے گا۔دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع (پنٹاگون) کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا مکمل طور پر چوکس ہے اور مشرق وسطیٰ میں اپنے اثاثوں کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔پنٹاگون چیف نے یہ بھی واضح کیا کہ صدر ٹرمپ اب بھی ایران کے ساتھ نئی جوہری ڈیل کے خواہاں ہیں، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ ایران سنجیدہ مذاکرات کا راستہ اپنائے۔