تہران (رم نیوز)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران، اپنے خون کے آخری قطرے تک، اپنے وطن عزیز، عوام اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے جنگ جاری رکھے گا۔عراقچی نے اپنے بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں "اشتعاری جنگی مجرم" قرار دیا۔ ان کے بقول نیتن یاہو گزشتہ تین دہائیوں سے امریکی صدور کو اپنے مقاصد کے تحت جنگوں میں دھکیلتا رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ نیتن یاہو نے ایران پر حملہ کر کے سیکڑوں بے گناہ خواتین اور بچوں کو شہید کیا اور ایران و امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدے کو سبوتاژ کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی مسلح افواج دنیا کو دکھا دیں گی کہ تل ابیب کی پناہ گاہوں میں چھپے جنگی مجرموں کو کس طرح انصاف کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔ عراقچی کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ایرانی عوام کے مکمل تحفظ کا یقین حاصل نہ ہو جائے۔
انہوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ واقعی سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے تو وہ اسرائیل کو روکے۔ عراقچی نے زور دیا کہ ایران نے اس جنگ کی شروعات نہیں کی اور نہ ہی خونریزی چاہتا ہے، لیکن اگر دفاع کا وقت آیا تو ایرانی عوام فخر کے ساتھ آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔