لاہور (رم نیوز)صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عوامی ریلیف، ترقی اور فلاح پر مبنی ہے۔لاہور میں بجٹ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ حکومت نے کل ایک تاریخی عوامی خدمت پیکیج پیش کیا، جس میں شہریوں پر اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔
اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لیے پیش کردہ بجٹ کا مجموعی حجم 5335 ارب روپے ہے، جس میں سے 1240 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جو کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے یونیورسٹیوں کو 18 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
سرکاری سکولوں میں جدید آئی ٹی لیبز کے قیام کے لیے 40 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔سکول نیوٹریشن پروگرام کو آٹھ مزید اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے مجموعی طور پر 148 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ صوبے کے دیہی مراکز صحت (RHCs) اور بنیادی مراکز صحت (BHCs) کو "مریم نواز ہیلتھ کلینکس" میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور میں پہلا نواز شریف کینسر ہسپتال بھی زیر تعمیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 24 الیکٹرک بسیں پہلے ہی سڑکوں پر آ چکی ہیں اور رواں مالی سال کے دوران مزید 1100 بسیں صوبے کے ٹرانسپورٹ سسٹم میں شامل کی جائیں گی۔سینئر وزیر نے واضح کیا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم بجٹ میں کسی نئے ٹیکس کا نفاذ نہیں کیا گیا تاکہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔