واشنگٹن (رم نیوز)فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے آج وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات طے پا گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، جس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات وائٹ ہاؤس کے کابینہ روم میں منعقد ہوگی، جہاں میڈیا کو رسائی کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم امکان ہے کہ امریکی صدر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کریں یا سوشل میڈیا پر کوئی بیان جاری کریں۔ظہرانے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔ یہ ملاقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی و سفارتی تعلقات کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔
اپنے سرکاری دورۂ امریکہ کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واشنگٹن ڈی سی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دراصل پاکستان کے غیر رسمی سفیر ہیں جو وطن کے تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرتے ہیں۔