اسلام آباد(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں جزوی ابر آلودگی اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی جزوی ابر آلودگی رہے گی جبکہ شام اور رات کے اوقات میں چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ اور ایبٹ آباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔سندھ میں زیادہ تر علاقے گرم اور مرطوب رہیں گے، بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ کوئٹہ، خضدار اور لسبیلہ میں بارش کے امکانات ہیں۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں 21 جون تک گرمی کی لہر برقرار رہنے کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے