برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کی تاریخ میں پہلی بار خاتون سربراہ کا تقرر

لندن (رم نیوز)برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کی 116 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو ادارے کی سربراہی سونپی جا رہی ہے۔ بلیس میٹریویلی رواں سال کے آخر میں موجودہ سربراہ سر رچرڈ مور کی جگہ چارج سنبھالیں گی۔بلیس نے 1999 میں ایم آئی 6 میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس وقت وہ ایجنسی میں ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی کے شعبے کی نگرانی کر رہی ہیں۔ 47 سالہ بلیس اس وقت "ڈائریکٹر جنرل کیو" کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جہاں ان کی ذمہ داریوں میں خفیہ ایجنٹوں کی شناخت کو محفوظ رکھنا اور چین جیسے ممالک کی بائیومیٹرک نگرانی سے بچنا شامل ہے۔

وزیراعظم سر کیر سٹارمر نے اس کو "تاریخی لمحہ" قرار دیا۔ایم آئی 6 کے سربراہ کو روایتی طور پر 'سی' (C) کے کوڈ نیم سے جانا جاتا ہے، جو ادارے کے پہلے ڈائریکٹر مینسفیلڈ کمنگ کی روایت ہے۔ یہ ایجنسی برطانوی قومی سلامتی کے لیے بیرون ملک خفیہ آپریشنز انجام دیتی ہے اور سیکرٹری خارجہ کو جوابدہ ہوتی ہے۔بلیس اس سے قبل داخلی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5 میں بھی اعلیٰ عہدے پر فائز رہ چکی ہیں اور مشرق وسطیٰ و یورپ میں فرائض انجام دے چکی ہیں۔

ایم آئی 6 کو اس وقت روس، چین، ایران اور شمالی کوریا جیسے ممالک سے درپیش خطرات کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ موجودہ سربراہ سر رچرڈ مور نے بلیس کی تعیناتی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک "قابل اور تجربہ کار رہنما" ہیں۔