اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، جس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگی صورتحال، آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ اور مجموعی سیکیورٹی و معاشی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی، اقتصادی، داخلی اور علاقائی سیکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اجلاس کے شرکاء کو موجودہ عالمی تناظر میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی کوششوں پر بریفنگ دے رہے ہیں۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے لیے اتحادی جماعتوں سے جاری مشاورت اور ان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو ہو رہی ہے۔ اس دوران پارلیمانی حکمت عملی، اعتماد سازی اور قانون سازی کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ کو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان پر ممکنہ اقتصادی، سیکیورٹی اور سفارتی اثرات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں، پاکستان کے اعلیٰ سطحی سفارتی وفود کے حالیہ غیر ملکی دوروں، ان میں حاصل ہونے والی پیش رفت اور عالمی شراکت داری کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ان دوروں کے ممکنہ اقتصادی و سٹریٹجک فوائد پر کابینہ کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔