ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور کیش لیس اکانومی کے قیام کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور کیش لیس اکانومی کے قیام کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں ڈیجیٹائزیشن سے متعلق حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے تاجر برادری کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ عوامی سطح پر بھی کیش لیس لین دین کی حوصلہ افزائی کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارت خزانہ اور وزارت آئی ٹی کی جانب سے جاری پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دے کر نہ صرف مالی نظام میں شفافیت لائی جا سکتی ہے بلکہ غیر رسمی معیشت پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے رمضان المبارک کے دوران مستحقین کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے شفاف اور مؤثر انداز میں امدادی رقوم کی فراہمی کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا، جس کے باعث امداد بغیر کسی انسانی مداخلت کے براہ راست اہل افراد تک پہنچی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی اشاریے مثبت سمت کی نشاندہی کر رہے ہیں، مہنگائی میں کمی آئی ہے، ترسیلات زر میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں اور پاکستان کی معیشت پائیدار بہتری کی جانب گامزن ہے۔