کراچی (رم نیوز)کراچی کو پانی فراہم کرنے والا بڑا نظام متاثر ہو گیا ہے، دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی فراہمی میں خلل گزشتہ رات 100 ایم جی ڈی پمپ ہاؤس میں پیش آیا، جس کے باعث پمپنگ کا نظام مکمل طور پر بند ہوگیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اب تک 14 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے لیکن فالٹ درست نہیں کیا جا سکا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ 100 ایم جی ڈی پمپ ہاؤس روزانہ 100 ملین گیلن پانی فراہم کرتا ہے، اور اس کی بندش سے شہر بھر میں پانی کا شدید بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ واٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک کے درمیان رابطہ جاری ہے تاکہ بجلی کی جلد از جلد بحالی ممکن بنائی جا سکے۔
ایک روز قبل بھی شہر کے ایک اور اہم پمپنگ سٹیشن، پپری، پر کے الیکٹرک کیبل میں خرابی کے باعث بجلی کا تعطل پیدا ہوا تھا۔ ترجمان کے مطابق یہ فالٹ رات 10 بج کر 15 منٹ پر سامنے آیا جس کے نتیجے میں پمپنگ اسٹیشن مکمل طور پر بند ہوگیا تھا۔ پپری اسٹیشن کی بندش کے باعث لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، بن قاسم اور ڈی ایچ اے کے علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔تاہم واٹر کارپوریشن کے فوری رابطے کے بعد کے الیکٹرک نے پپری پمپنگ اسٹیشن پر بجلی بحال کر دی تھی اور وہاں سے پانی کی فراہمی دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔