آصفہ بھٹو زرداری کا قومی اسمبلی میں خطاب، بلاول بھٹو کی سفارتی خدمات کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران ملک کو درپیش چیلنجز، عوامی مسائل اور قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر محب وطن شہری ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے ایک صف میں کھڑا ہے۔

اپنے خطاب میں آصفہ بھٹو نے مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا ہے، ان کا مقابلہ صرف اتحاد سے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی خارجہ محاذ پر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاول نے مشکل حالات میں پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر بھرپور اور مؤثر انداز میں پیش کیا، جو قابل تعریف ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں تعلیم اور صحت کے شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت کو چاہیے کہ ان دونوں شعبوں کو اولین ترجیح دے۔انہوں نے توانائی بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی عوام 15 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں، جو ایک سنگین مسئلہ ہے اور فوری توجہ کا تقاضا کرتا ہے۔پیپلز پارٹی کے فلاحی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کی خدمت کو مقدم رکھا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اس سوچ کی عملی مثال ہے، جو معاشرے کے کمزور طبقے کو سہارا فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے خواتین کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی آبادی کا 51 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے، اور ان کی ترقی کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔آصفہ بھٹو نے 2022 کے سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا، تاہم سندھ حکومت نے 21 لاکھ متاثرہ خاندانوں کے لیے گھر تعمیر کر کے ایک مثال قائم کی۔

اپنے خطاب کے اختتام پر آصفہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ بھی کمزور طبقوں کی آواز بلند کرتی رہے گی۔