پشاور (رم نیوز)خیبرپختونخوا کابینہ کا 34 واں اجلاس آج وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی صدارت میں ہوگا، جس کے لیے 28 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی سطح پر اہم ترقیاتی، مالی اور انتظامی فیصلے متوقع ہیں۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ رولز میں ترمیم کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں شوکت خانم اسپتال کے لیے مالی امداد اور کینسر کی مریضہ پروین اختر کے علاج کے لیے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ پر بھی غور کیا جائے گا۔
ایجنڈے میں اسلامیہ کالج ریسرچ سینٹر کے ترقیاتی منصوبے (ADP 2021-22) کی منظوری،صوبے میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) کے ضوابط میں ترامیم،دو فارچونر گاڑیوں کی خریداری کے لیے قانون میں نرمی،منکیال اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ہری پور) کے قیام کی تجویز،رائٹ ٹو پبلک سروسز ترمیمی بل کی منظوری،بی آر ٹی پشاور کے لیے مزید بسوں کی خریداری،زمونگ کور منصوبوں کی توسیع: سوات، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور پشاور میں نئی سکیمز،ارندو، چترال میں جنگلات کی کٹائی کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل کی منظوری،محکمہ انہار کے بند منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی پر غور،اجلاس میں صوبے کے ترقیاتی بجٹ، عوامی خدمات کی فراہمی، اور پالیسی اصلاحات سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کے مطابق ان فیصلوں کا مقصد گورننس بہتر بنانا اور عوامی مسائل کا بروقت حل ہے۔