بریگیڈیئر جنرل ماجد خادمی ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی انٹیلی جنس سروس کے نئے سربراہ مقرر

تہران (رم نیوز)ایران کی فارس نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل محمد پاکپور نے بریگیڈیئر جنرل ماجد خادمی کو انٹیلی جنس سروس کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔یہ تعیناتی اس اہم موقع پر کی گئی ہے جب گذشتہ ہفتے اسرائیلی حملے میں سابق سربراہ بریگیڈیئر جنرل محمد کاظمی شہید ہو گئے تھے۔ ماجد خادمی نے اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کی انفارمیشن سیکیورٹی آرگنائزیشن کی قیادت سنبھالی ہے اور ان کی سکیورٹی و انٹیلی جنس میں مہارت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، خادمی کو تنظیم کے اندر سخت حفاظتی اور انٹیلی جنس حکمت عملیوں میں گہرا تجربہ حاصل ہے، جس کی بدولت انہیں اس حساس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے تاکہ وہ قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی قیادت کے تحت انٹیلی جنس ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق مضبوط کیا جائے گا اور مستقبل میں سلامتی کے شعبے میں اصلاحات لائی جائیں گی، تاکہ ملک کی حفاظت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔