دوحہ(رم نیوز)قطر میں قائم امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے یہ الرٹ ای میل کے ذریعے امریکی شہریوں کو ارسال کیا گیا۔
بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق، یہ ہدایات ایران کی جانب سے امریکی جوہری تنصیبات پر ممکنہ جوابی کارروائی کی دھمکیوں کے بعد سامنے آئی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے امریکی سفارت خانے کی ہدایت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں سیکیورٹی کی صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے اور کسی فوری یا مخصوص خطرے کی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ قطر میں واقع العدید ایئربیس مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوج کا سب سے بڑا اڈہ ہے، جہاں تقریباً 10 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں قطر میں موجود امریکی مفادات اور سفارتی عملے کی سیکیورٹی کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔