لاہور (رم نیوز)ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی حصص بازاروں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سرمایہ کاروں میں اعتماد کی بحالی سے عالمی مالیاتی منڈیاں مثبت رجحان پر ہیں۔
امریکی سٹاک مارکیٹس میں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 1 فیصد، نیسڈیک میں 0.9 فیصد، اور ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج میں 0.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایشیا کی مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 2 فیصد، چین کا شنگھائی انڈیکس 1 فیصد، جاپان کا نکی 225 انڈیکس 1 فیصد، اور انڈونیشیا کا آئی ڈی ایکس کمپوزٹ انڈیکس 1.6 فیصد بڑھا۔
عالمی تیل کی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر کی کمی کے بعد 66.48 ڈالر فی بیرل، جبکہ لندن برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 3 فیصد کمی کے ساتھ 69.48 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ماہرین کے مطابق جنگ بندی کے باعث خطے میں استحکام کی توقع نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے، جس سے نہ صرف اسٹاک مارکیٹس بہتر ہوئیں بلکہ تیل کی ترسیل میں رکاوٹوں کے خدشات بھی کم ہوئے ہیں۔ اگر یہ جنگ بندی مستقل رہی تو عالمی معیشت میں بہتری کے امکانات روشن ہیں۔