ایران نے اسرائیل کو آخری وقت تک جواب دیا: وزیر خارجہ

تہران (رم نیوز)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں منگل کی صبح 4 بجے تک بھرپور فوجی کارروائیاں جاری رکھیں۔ ان کے مطابق یہی وہ وقت تھا جو ایران نے اپنی جوابی کارروائی روکنے کے لیے مشروط طور پر مقرر کیا تھا، بشرطیکہ اسرائیل حملے بند کر دے۔

عراقچی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری بیان میں کہاایرانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے وطن کے دفاع میں دشمن کے ہر حملے کا آخری لمحے تک جواب دیا۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ "تہران کی جانب سے فوجی کارروائیاں مکمل طور پر روکنے کا حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

امریکی میڈیا کے مطابق صبح 4 بجے کے بعد ایران پر کسی نئے اسرائیلی حملے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔قبل ازیں عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل مقررہ وقت سے پہلے حملے روک دیتا ہے تو ایران مزید کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ ایران اور اسرائیل نے مکمل جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان کے مطابق ایران چھ گھنٹے بعد جبکہ اسرائیل بارہ گھنٹے بعد عسکری کارروائیاں بند کرے گا۔