اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے سفیر سے ملاقات کے دوران امیرِ قطر اور قطری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے دوحہ میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کے بعد پیش آنے والی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں قطری قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ہم اپنے قطری بھائیوں اور بہنوں کے لیے دعاگو ہیں۔ خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان ہر ممکن سفارتی تعاون فراہم کرے گا،" وزیراعظم کا کہنا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام فریقین کو تحمل اور دانشمندی سے کام لینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام اسلامی ممالک کو امن کے فروغ کے لیے متحد اور مربوط کوششیں کرنی چاہئیں۔