خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے حکم سے مشروط ہے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور پارٹی ان کی رہنمائی میں ہی فیصلے کرے گی۔

اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی حکم دیں گے تو خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔ یہ ووٹ ہمارا نہیں، ان کا ہے۔ اگر وہ نہ ہوتے تو شاید مجھے میرے خاندان والے بھی ووٹ نہ دیتے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ عدالتی رویہ مایوس کن ہے، لیکن اللہ سے امید ہے کہ کہیں نہ کہیں سے انصاف ضرور ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف اب تک 300 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، اور وہ 350 سے زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں۔ صرف پانچ دن کے اندر تین مقدمات میں 45 سال کی سزائیں سنائی گئیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کے ساتھ جیل میں نامناسب سلوک روا رکھا جا رہا ہے نہ کتابیں دی جا رہی ہیں، نہ ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے، قاعدے قانون کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو سیاست سے "مائنس" کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن یہ سازشیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔