تل ابیب / تہران (رم نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی پر عملدرآمد شروع ہونے کے فوری بعد ہی ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے جنگ بندی کے وقت کے باوجود اسرائیل کی طرف میزائل فائر کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق ایران سے داغے گئے ایک میزائل کے بعد شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ترجمان نے مزید کہاہمارا دفاعی نظام متحرک ہے، فضائیہ مکمل طور پر تیار ہے، خطرہ اب بھی موجود ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی کارروائی کے جواب میں تہران پر حملے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھاہم خاموش تماشائی نہیں بنیں گے، اگر جنگ بندی توڑی گئی ہے تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا نے کچھ دیر قبل تصدیق کی تھی کہ ایران نے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ تاہم اسرائیل کے تازہ الزام کے بعد دونوں ممالک کے بیچ تناؤ میں ایک بار پھر شدت آ گئی ہے۔ ایران کی جانب سے تاحال میزائل حملے کے الزام پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی پر فریقین نے چند گھنٹے قبل ہی آمادگی ظاہر کی تھی۔ عالمی سطح پر اس معاہدے کو خطے میں کشیدگی ختم کرنے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا تھا۔