امریکی حملہ ناکام، ایران کا جوہری پروگرام مکمل تباہی سے بچ گیا: امریکی میڈیا

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ امریکی فضائی حملوں کے باوجود ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ نہیں ہو سکا اور صرف چند ماہ پیچھے چلا گیا ہے۔ہفتے کے روز امریکہ نے ایران-اسرائیل کشیدگی کے تناظر میں ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان پر بمباری کی تھی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان حملوں کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی یورینیم افزودگی کی تمام تنصیبات مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔ تاہم امریکی میڈیا، خاص طور پر سی این این، کی رپورٹ اس سرکاری موقف سے متضاد ہے۔

سی این این کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کی انٹیلی جنس ایجنسی (DIA) کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان حملوں سے ایران کے جوہری پروگرام کو بنیادی نوعیت کا نقصان نہیں پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق ایران کی بیشتر سینٹری فیوجز (centrifuges) اب بھی محفوظ ہیں اور یورینیم افزودگی کا ذخیرہ مکمل طور پر تباہ نہیں کیا جا سکا۔

ذرائع کے مطابق حملوں کے نتیجے میں ایران کا جوہری پروگرام صرف چند ماہ پیچھے گیا ہے، جبکہ جوہری تنصیبات کا بنیادی ڈھانچہ بڑی حد تک محفوظ رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نقصانات کا حتمی تجزیہ تاحال جاری ہے اور مزید انٹیلی جنس معلومات کی روشنی میں نتائج میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔یہ رپورٹ صدر ٹرمپ اور امریکی وزیر دفاع کے ان بیانات کے برعکس ہے جن میں انہوں نے ایران کے جوہری عزائم کو "مکمل طور پر تباہ" کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ پیچیدہ اور محفوظ جوہری تنصیبات کو صرف فضائی حملوں سے مکمل طور پر ناکارہ بنانا آسان نہیں، خاص طور پر جب وہ زمین دوز اور منتشر ہوں۔