اسلام آباد(رم نیوز)ملک میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔صبح سویرے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، جب کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہریوں کو نشیبی علاقوں سے گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ گجرات، گوجرخان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ لاہور میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور بارش کسی بھی وقت ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون کے دوران معمول سے 25 فیصد زائد بارشیں متوقع ہیں، خاص طور پر پنجاب میں بارشوں کی شدت زیادہ ہوگی۔ حکام نے اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں، بشمول مظفرآباد اور وادی لیپہ، میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بلند مقامات پر موسم سرد ہونے لگا ہے، جس سے مقامی باشندوں اور سیاحوں کو خنکی کا احساس ہونے لگا ہے۔محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں آئندہ دنوں میں موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔