واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ 12 روزہ جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر نوبل امن انعام 2025 کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔یہ نامزدگی ریپبلکن پارٹی کے رکن کانگریس بڈی کارٹر نے 24 جون کو نارویجن نوبل کمیٹی کو ارسال کی، جس میں انہوں نے ٹرمپ کے اقدامات کو عالمی امن کے لیے "فیصلہ کن" اور "تاریخی" قرار دیا۔
نامزدگی خط میں بڈی کارٹر نے لکھا کہ صدر ٹرمپ نے ایسی قیادت کا مظاہرہ کیا جو مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے شعلوں کو بجھانے میں مؤثر ثابت ہوئی۔ ان کے مطابق ٹرمپ کی حکمت عملی نے نہ صرف جنگ بندی کو ممکن بنایا بلکہ دنیا کو تباہ کن تصادم سے بچایا۔کارٹر نے اپنے خط میں ایران کی جوہری سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ٹرمپ کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے لکھا کہصدر ٹرمپ نے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گردی کے معاون ملک کو جوہری طاقت بننے سے روکنے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کیے۔
کارٹر کے مطابق صدر ٹرمپ کی قیادت نے مشرق وسطیٰ جیسے غیر مستحکم خطے میں امن، استحکام اور سفارتی توازن قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے نوبل کمیٹی سے درخواست کی کہ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے زیر غور لایا جائے۔