غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روحانی تقریب آج، تمام انتظامات مکمل

مکہ مکرمہ (رم نیوز)نئے اسلامی سال کے آغاز پر مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی بابرکت تقریب آج نماز عصر کے بعد منعقد ہوگی۔ اس مقدس موقع کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔غلاف کی تیاری اور تبدیلی کا عمل خادم الحرمین الشریفین کی نمائندگی میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں انجام دیا جائے گا، جس میں مسجد الحرام کے آئمہ، کسوہ فیکٹری کے ماہرین اور اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔

نیا غلاف 11 ماہ کی محنت سے تیار کیا گیا ہے، جس کا وزن 1415 کلوگرام ہے۔ اس میں 1000 کلوگرام ریشم، 120 کلوگرام سونا اور 100 کلوگرام چاندی کے دھاگوں سے قرآن کی آیات کی نفیس کشیدہ کاری کی گئی ہے۔نماز عصر کے بعد پرانے غلاف کے سنہری حصے ہٹائے جائیں گے، جبکہ نیا غلاف نماز عشاء کے بعد کعبہ پر چڑھایا جائے گا۔ یہ عمل امت مسلمہ کے لیے ایک مقدس اور روحانی لمحہ ہے۔

یہ روایت ہر سال یکم محرم کو ادا کی جاتی ہے اور حرمین شریفین کی تاریخ میں ایک عظیم الشان اور مقدس رسم کے طور پر جانی جاتی ہے۔