اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں فول پروف سکیورٹی، سوشل میڈیا پر کڑی نگرانی اور اشتعال انگیز مواد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، سکیورٹی اداروں اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں محرم کے دوران 181 جلوس اور 965 مجالس منعقد ہوں گی جن کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مجالس و جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیگنگ مکمل رکھی جائے، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے اور سیف سٹی کنٹرول روم سے نگرانی کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ یا اشتعال انگیز مواد کی اشاعت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔محسن نقوی نے سکیورٹی اہلکاروں کے آرام، کھانے پینے اور ڈیوٹی نظام کا بھی خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی تاکہ اہلکار اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھا سکیں۔اجلاس میں علمائے کرام سے رابطے اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو بھی ضروری قرار دیا گیا، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ مذہبی ہم آہنگی اور امن کے قیام میں تعاون کریں۔